مرادآباد،4؍اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اترپردیش کے مراد آبادضلع جیل سیے پیشی پر آئے ایک قیدی کو کچہری میں واقع سیشن حراست کے باہر پولیس اہلکار کی آنکھ میں مرچ جھونک کر دن دہاڑے چھڑا لیا گیا۔ایس پی سٹی آشیش شریواستو اورایس پی رئیس اختر نے موقع کا معائنہ کیا اور پولیس اہلکاروں سے کیس کی معلومات لی۔پولیس کے مطابق، قتل کے الزام میں جیل میں بند قیدی آدتیہ بجنور ضلع کے سیوہارا کا رہنے والا ہے،اسے یہاں جمعرات کو پیشی کے لیے کچہری واقع سیشن کورٹ لایا گیا تھا، جہاں سے وہ ہتکڑی سمیت فرار ہو گیا۔قتل کے معاملے میں بند قیدی کے فرار ہونے کی اطلاع پر پولیس محکمے میں ہلچل پیداہوگئی،آنا فانا میں شہر میں جگہ جگہ گھنے چیکنگ مہم چلائی گئی، لیکن فرار قیدی پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکا۔سٹی ایس پی آشیش شریواستو کے مطابق، قیدی نے سپاہی کو دوسرے راستے سے چلنے کے لئے مجبور کیا اور وہاں پہلے سے موجود اس کے ایک واقف شخص نے پولیس کی آنکھوں میں مرچ جھونکی اور پاس میں موجود ایک اور ساتھی کی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر وہ فرار ہو گیا۔سٹی ایس پی نے کہا کہ پولیس جلد ہی فرار قیدی کو پکڑ لے گی۔